میں نے انسان سے بڑھ کر عجیب کوئی اور مخلوق نہیں دیکھی۔
اتنا مضبوط ہے کہ جن غموں کا بوجھ اٹھانے کے تصور سے اس کی کمر ٹوٹنے لگتی ہے ان کو اٹھائے اٹھائے عمر گزار لیتا ہے۔
اتنا سخت جان ہے کہ جن صدمات کا سوچ کر اس کی جان جاتی ہے، وہ جب گزر جاتے ہیں تو سہہ بھی لیتا ہے۔
اتنا ظالم ہے کہ جن خوابوں کے بنا جی سکنے کا تصور نہیں کر پاتا ، ان کو اٹھا کر خود باہر پھینکتا ہے، یا اپنے ہاتھوں دفنا دیتا ہے ، دل اور ہاتھ کرچیوں سے بھر جاتے ہیں ، مگر پھر بھی زندگی جیتا رہتا ہے۔
اتنا صابر ہے کہ جن چہروں کو تا عمر نہیں دیکھنا چاہتا ، وقت پڑنے پر انہیں بھی برداشت کر لیتا ہے۔
اتنا بے حس کہ
اپنے ہاتھوں بنائے ہوئے خوابوں کے تاج محل کو مسمار ہوتا دیکھتا رہتا ہے۔
روح پر گھاؤ کھاتا ہے۔ بدن پر تیر آزماتا ہے۔ پھر بھی مسکراتا ہے۔
ساری توڑ پھوڑ کے بعد بھی زندگی کا سفر جاری رکھتا ہے۔
ہواؤں میں لاکھ تُندی ہو ، وقت کی ٹہنی پر چمٹا رہتا ہے، آخری پتے کی طرح بوسیدہ مگر ارادے کا اٹل____
یہ حوصلہ انسان ہی کے پاس ہے۔ یہ صبر اسی کی میراث ہے ۔ یہ ظرف اسی کا کمال ہے۔ یہ اوج اسی کو نصیب ہے!
بھلے جتنا ہی عجیب کیوں نہ ہو ،اشرف المخلوقات ہے۔
انسان کو بشارت ہو کہ وہ انسان ہے!
Home »
» عجیب مخلوق
No comments:
Post a Comment